عطاالحق قاسمی کی ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ 9 جولائی کو سنایا جائیگا

اسلام آباد: سپریم کورٹ کی جانب سے عطاءالحق قاسمی کی بطور ایم ڈی پی ٹی وی تقرری کیس کا فیصلہ محفوظ 9 جولائی کو سنایا جائے گا۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے ایم ٹی پی ٹی وی کی تقرری کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کیے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے پرویز رشید سے استفسار کیا کہ پرویز رشید صاحب آپ کی اپنی کتنی تنخواہ تھی، بطور وزیر اطلاعات آپ کے اختیارات لامحدود نہیں تھے، اڑھائی تین لاکھ آپ کی اپنی تنخواہ تھی یہاں مرسیڈیز گاڑیاں بھی چل رہی تھیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ایسا کون سا اختیار تھا جو عطاءالحق قاسمی کو اتنی تنخواہیں دی گئیں، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ عطا الحق قاسمی ایک ہی وقت میں چیئرمین اور ایم ڈی تھے۔
چیف جسٹس نے پرویز رشید کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہمارے لیڈر ہیں اور لیڈر کو ادراک ہونا چاہیے کہ یہ قوم کا پیسہ ہے۔پرویز رشید نے مؤقف اختیار کیا کہ ‘عطاءالحق قاسمی کی تقرری ادارے کو بچانے کے لیے کی گئی تھی، میں نے تنخواہ پر تمام اداروں سے رہنمائی لی اور فنانس ڈویژن چاہتا تو روک سکتا تھا’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں