تحریک انصاف نے الیکشن تک سیاستدانوں کی گرفتاری روکنے کا نیب کا فیصلہ مسترد کردیا

لاہور: ترجمان تحریک انصاف نے الیکشن تک کرپشن کے الزام میں سیاستدانوں کی گرفتاری روکنے کے نیب کے فیصلے کو مسترد کردیا۔لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہاکہ الیکشن تک سیاستدانوں کی گرفتاریاں روکنے کے نیب کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، نیب کو سیاستدانوں کے حوالے سے دُہرا معیار نہیں اپنانا چاہیے۔فواد چوہدری نے مطالبہ کیا کہ کرپشن میں ملوث افتخار چوہدری اور اشفاق پرویز کیانی کےبھائی کو گرفتار کیا جانا چاہیے، انہوں نے سوال کیا کہ کیا نیب صرف سیاستدانوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے بنا ہے؟
ترجمان تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ احتساب عدالت کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ مؤخر نہیں کرنا چاہیے، یہ نہیں ہو سکتا کہ نظام انصاف ایک شخص کیلئے انتظار کرتا رہا، قانون امیر اور غریب سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف چاہتے ہیں کہ ان کے فیصلے کو التوا میں ڈالا جائے، ان کا فیصلہ سیاسی انداز سے نہیں بلکہ قانون کے مطابق ہونا چاہیے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں