اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت جاری ہے، جہاں نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث کی پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء پر جرح کے دوران والیم 10 سے متعلق سوال پر پراسیکیوٹر نیب نے اعتراض اٹھا دیا۔احتساب عدالت نمبر 2 کے جج محمد ارشد ملک سابق وزیراعظم کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت کر رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی اہلیہ بیگم کلثوم نواز کی وفات کی وجہ سے پیرول پر رہائی کے بعد اس وقت لاہور میں موجود ہیں۔آج سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے واجد ضیاء سے جرح کرتے ہوئے سوال کیا کہ ‘جے آئی ٹی رپورٹ کا والیم 10 رجسٹرار سپریم کورٹ کی موجودگی میں سیل کیا گیا یا پہلےکردیا گیا تھا؟’
واجد ضیاء نے جواب دیا کہ ‘آپ ڈیڑھ سال پرانی بات پوچھ رہے، اب مجھے یاد نہیں’۔خواجہ حارث نے سوال کیا کہ ‘کیا آپ کے سامنے والیم 10 سیل ہوا؟’
واجد ضیاء نے جواب دیا کہ ‘والیم ٹین میرے سامنے سیل کیا گیا، لیکن یہ نہیں کہہ سکتا کہ سپریم کورٹ میں ریکارڈ پہنچانے سے پہلے والیم ٹین سیل کیا گیا’۔انہوں نے مزید کہا کہ ‘کسی عدالتی آرڈر شیٹ سے واضح نہیں کہ 10 جولائی کو سپریم کورٹ میں والیم ٹین سیل جمع کروایا گیا ہو’۔