نندی پور ریفرنس: بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف کی ضمانت منظور

اسلام آباد: احتساب عدالت نے نندی پور پاور پلانٹ ریفرنس میں نامزد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما ڈاکٹر بابر اعوان اور سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے 2 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔احتساب عدالت میں آج نندی پور پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت ہوئی۔سماعت کے دوران ریفرنس میں نامزد سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف اور ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے۔مختصر سماعت کے بعد عدالت نے دونوں ملزمان کی ضمانت منظور کرتے ہوئے انہیں 2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔بعدازاں نندی پور پاور پلانٹ ریفرنس کی سماعت 2 اکتوبر تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔احتساب عدالت میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ‘مجھے خود بڑی حیرت ہے کہ اس کیس میں میرا نام کہاں سے آگیا؟ میرے خلاف بنائے گئے کیس کا سر پیر نظر نہیں آرہا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘اس کیس سے متعلق سپریم کورٹ کے جج رحمت حسین جعفری نے رپورٹ تیار کی ہے، رپورٹ پڑھ لیں تو اس کیس کے حقائق سمجھ آئیں گے’۔راجہ پرویز مشرف نے مزید کہا کہ ‘ہمارے وکلاء اس کیس کو لڑیں گے اور یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی اٹھائیں گے’۔

اپنا تبصرہ بھیجیں