بیرون ملک پاکستانیوں کی عدم دلچسپی: صرف 7140 افراد نے ہی خود کو ووٹر رجسٹرڈ کرایا

اسلام آباد: ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ سمندر پار پاکستانی آئی ووٹنگ کے ذریعے ووٹ ڈالیں گے، پاکستانیوں کی عدم دلچسپی کا عالم یہ ہے کہ 74 ممالک میں مقیم صرف 7 ہزار 140 افراد نے ہی خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا ہے۔14 اکتوبر کو ہونے والے ضمنی انتخاب میں قومی اسمبلی کے 11 اور صوبائی اسمبلیوں کے 25 حلقوں میں ووٹنگ ہوگی جب کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھی ووٹ ڈالیں گے۔اس سے قبل الیکشن کمیشن نے سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن کا عمل 17 ستمبر تک مکمل کرلیا جس کی تفصیلات سامنے آگئیں۔آئی ووٹر کی رجسٹریشن کی تفصیلات کے مطابق 74 ممالک میں مقیم 7410 پاکستانیوں نے خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا اور 23 حلقوں میں فی حلقہ 100 سے کم ووٹرز نے رجسٹریشن کرائی۔دستاویزات کے مطابق سب سے زیادہ 1993 پاکستانیوں نے متحدہ عرب امارات سے خود کو رجسٹر کرایا جب کہ سعودی عرب سے 1679، برطانیہ سے 957، کینیڈا سے 408 اور امریکا سے 390 پاکستانیوں نے خود کو رجسٹرڈ کرایا۔قطر میں 295، آسٹریلیا میں 257، کویت میں 166، بحرین میں 164، اومان میں 144، اٹلی میں 130، اسپین میں 89 اور جرمنی میں 66 پاکستانیوں نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پر جا کر خود کو بطور ووٹر رجسٹرڈ کرایا۔ملائشیاء سے 50، فرانس میں 49، آئرلینڈ میں 47، سویڈن میں 38، نیوزی لینڈ میں 19، چین اور جاپان میں 18،18، ہالینڈ میں 17، سنگاپور، بیلجئم، سوئزرلینڈ میں 16،16 جب کہ ترکی میں 11 ووٹرز رجسٹر ہوسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں