لاہور سے وزیرآباد چلنے والی بابو ٹرین غیرمعینہ مدت کیلئے معطل

لاہور: محکمہ ریلوے نے وزیر آباد اور لاہور کے درمیان چلنے والی بابو ٹرین غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کردی، اس ٹرین کو بند ہوئے 2 روز ہوگئے ہیں، تاہم ریلوے حکام کادعویٰ ہے کہ یہ ٹرین صرف ایک دن کے لیے بند کی گئی تھی۔بابو ٹرین روزانہ صبح 5 بجے وزیر آباد سے چلتی اور گوجرانوالہ، ایمن آباد اور کامونکی جیسے شہروں سے ہوتی ہوئی سیکڑوں سرکاری اور غیرسرکاری ملازمین اور طالب علموں کو لےکر 7 بجے لاہور پہنچتی تھی۔اسی طرح شام کو 4 بجکر 45 منٹ پر یہ ٹرین ان مسافروں کو واپس ان کے شہروں میں لے جاتی تھی۔یہ ٹرین ہمیشہ ہی کھچا کھچ بھری ہوتی تھی، لیکن اب اسے غیرمعینہ مدت کے لیے معطل کردیا گیا ہے، جسے 2 دن ہوگئے ہیں۔تاہم ریلوے حکام کا دعویٰ ہےکہ یہ ٹرین صرف ایک دن کے لیے بند کی گئی تھی۔ترجمان ریلوے کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق وزیرآباد اور لاہور کے درمیان چلنے والی بابو پسنجر ٹرین بند نہیں کی گئی، صرف ایک دن کے لیے کوچز خراب ہونے کے باعث ٹرین کو معطل کیا گیا تھا۔دوسری جانب مسافروں نے ٹرین سروس بحال کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے شکوہ کیا ہے کہ یہ ٹرین سرکاری و نجی ملازمین اور طالب علموں کی واحد سواری تھی۔یاد رہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید نے رواں سال کے اختتام تک 10 نئی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا تھا، جبکہ بابو ٹرین کی معطلی ٹرینوں کی تعداد میں اضافے کے برخلاف ہے۔وزیر ریلوے نے گزشتہ روز ہی سکھر سے خان پور اور روہڑی سے کوٹری تک دو نئی ٹرینوں کا افتتاح بھی کیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں