کراچی: صدر میں تجاوزات کیخلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری

کراچی: صدر اور اس کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن تیسرے روز بھی جاری ہے۔صدر اور ایمپریس مارکیٹ کے اطراف تجاوزات کے خلاف آپریشن آج تیسرے روز بھی جاری ہے جس میں کے ایم سی انسداد تجاوزات سیل سمیت دیگر محکمے حصہ لے رہے ہیں جب کہ اس موقع پر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے پولیس اوررینجرز کی بھاری نفری موجود ہے۔حکام کے مطابق ایمپریسں مارکیٹ اور اطراف میں تجاوزات کو مسمار کیا جائے گا، صدر میں ایک ہزار سے زائد دکانیں ہیں جو تجاوازت کے زمرے میں آتی ہیں۔ٹریفک پولیس کی ہدایت

دوسری جانب آپریشن کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے شہریوں کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہاکہ کیپری سنیما سے صدر دواخانہ جانے والی سڑک کو ہیوی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا ہے، ہیوی ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ تبت سینٹر اور ٹاور کی طرف بھیجا جارہا ہے۔ٹریفک پولیس کے مطابق پی پی چورنگی سے کوریڈور تھری، صدر جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے اور پی پی چورنگی سے ٹریفک کو ایم اے جناح روڈ بھیجا جارہا ہے، ریگل سے صدر جانے والی سڑک بھی ٹریفک کے لیے بند ہے اور ٹریفک کو بھی تبت سینٹر بھیجا جارہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں