کراچی: انسداد تجاوزات آپریشن صدر کے بعد دوسرے علاقوں تک پھیلا دیا گیا

کراچی: انتظامیہ نے شہر میں انسداد تجاوزات آپریشن صدر کے بعد دوسرے علاقوں تک پھیلا دیا۔کراچی کے علاقے صدر اور اس کے اطراف گزشتہ پانچ روز سے تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے جس میں ایمپریس مارکیٹ، زینب مارکیٹ اور اورنگزیب مارکیٹ سمیت اطراف کے علاقوں میں آپریشن کرکے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے۔شہر میں تجاوزات کے خلاف کے ایم سی کے آپریشن کے بعد اب کے ڈی اے بھی متحرک ہوگیا ہے اورمختلف علاقوں میں آپریشن شروع کردیا ہے۔گلستان جوہر میں رابعہ سٹی کے قریب رات گئے آپریشن کرکے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جہاں ہیوی مشینری سے سفاری پارک کے قریب اور گلستان جوہر کے مختلف بلاکس میں درجنوں پتھاروں اور دکانوں کو گرادیا گیا۔ڈائیریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورسمنٹ سیل محمد وریل کا کہنا ہےکہ فرنیچر مارکیٹ کے دکانداروں نے گراؤنڈ پر قبضہ کیا ہوا تھا، فرنیچر مارکیٹ کے لوگوں کو سامان منتقل کرنے کی مہلت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں حسن اسکوائر سے صفورہ تک تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا، جوہر چورنگی سے موسمیات تک بھی تجاوزات کا خاتمہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں