کراچی: کلفٹن کے علاقے زمزمہ کے ریسٹورنٹ میں مبینہ طور پر مضر صحت کھانا کھانے کے بعد جاں بحق ہونے والے دونوں بچوں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
محمد اور احمد کی نماز جنازہ ڈیفنس کی مسجد عائشہ میں ادا کی گئی، جس میں عزیز و اقارب اور اہل محلہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس سے قبل دونوں بچوں کا پوسٹ مارٹم کیا گیا تھا، جب کہ ان کی والدہ تاحال اسپتال میں زیر علاج ہیں۔
ایم ایل او جناح اسپتال ڈاکٹر شیراز کا کہنا تھا کہ بچوں کی موت کی وجہ بظاہر زہر خورانی لگتی ہے جب کہ دونوں بچوں کے جسم سے مختلف اجزا اور خون کے نمونے حاصل کرکے لیباریٹری بھجوا دیئے گئے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لیبارٹری سے رپورٹ آنے میں 5 سے 10 روز لگ سکتے ہیں جس کے بعد موت کی حتمی وجہ سامنے آسکے گی۔