چکوال و دیگر مقامات سمیت ریلوے اراضی سے تجاوزات ہٹانے کا حکم

لاہور: سپریم کورٹ نے چکوال سمیت دیگر مقامات پر ریلوے اراضی سے تجاوزات ہٹانے کا حکم دے دیا۔سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے ریلوے خسارہ ازخود نوٹس کیس کی سماعت کی جس سلسلے میں وزیر ریلوے شیخ رشید عدالت میں پیش ہوئے۔دورانِ سماعت عدالت نے وزیرریلوے کو روسٹرم پر طلب کیا تو شیخ رشید نے عدالت کو بتایا کہ ریلوے اراضی ریلوے کی ہے، ریلوے کو ریلوے کے مقاصد کیلئے ہی استعمال کیا جاسکتا ہے۔وزیرریلوے کے مؤقف پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ریلوے اراضی ریلوے کی نہیں بلکہ وفاقی حکومت کی ملکیت ہے۔بعد ازاں عدالت نے ریلوے اراضی سے متعلق ہائیکورٹس اور ماتحت عدالتوں کے حکم امتناعی طلب کرلیے جب کہ عدالت نے حکم دیا کہ ریلوے اراضی تاحکم ثانی لیز پر ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے قیام کے لیے نہیں دی جائے گی۔عدالت نے مزید حکم دیا کہ چکوال و دیگر مقامات پر ریلوے اراضی سے تجاوزات ہٹائے جائیں جب کہ عدالت نے رائل پام کلب کے مالکان کو بھی آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔عدالت نے کیس کی مزید سماعت 27 دسمبر تک ملتوی کردی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں