بھارت کسی قسم کی بات چیت کیلئے تیار ہی نہیں: ترجمان دفتر خارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے کہاہےکہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کے لیے کوشش کی لیکن بھارت کسی بات چیت کے لیے تیار ہی نہیں۔دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ پاکستانی قیدی بھارتی جیلوں میں قید ہیں، سزا پوری کرنے والے 45 قیدی ہیں جن میں 12 سول جب کہ 33 مچھیرے ہیں، سزاپوری کرنے والے قیدیوں کی واپسی کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، پاکستانی ہائی کمیشن نے بھارت میں قانونی ٹیم کی مدد حاصل کرنے کے لیے رابطہ کیا ہے۔ڈاکٹر فیصل نے کہا کہ بھارت کے ساتھ کشمیر سمیت تمام معاملات پر مذاکرات کے لیے کوشش کی لیکن بھارت کسی بات چیت کے لیے تیار ہی نہیں۔ایک سوال کے جواب میں ترجمان نےبتایا کہ کرتارپور راہداری کی تعمیر پر تیزی سے کام ہورہا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے افغانستان ،ایران، چین اور روس کے کامیاب دورے کیے جس سے افغانستان میں امن عمل آگے بڑھانے کے لیے تمام فریقوں کے درمیان اتفاق رائے قائم کرنے میں مدد ملے گی، یہ دورے تمام ہمسایہ اور علاقائی ملکوں کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی حکومتی پالیسی کا اہم حصہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن و استحکام کے قیام کی غرض سے افغانستان میں امن و مفاہمتی عمل کے فروغ کے لیے تعمیری کردارادا کرتا رہے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں