پی پی رہنماؤں نے قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنا حکومتی بدنیتی قرار دیدیا

کراچی: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماؤں نے آصف زرداری اور بلاول بھٹو سمیت دیگر قیادت کے نام ای سی ایل میں ڈالنے کو حکومت کی بدنیتی قرار دے دیا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ہم نے کوئی استثنیٰ نہیں مانگا، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ عدالتوں اور فیصلوں کا احترام کیا ہے اور ہماری قیادت عدالتوں میں پیش ہورہی ہے۔

بلاول اور مراد علی شاہ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا غلط ہے: مرتضیٰ وہاب

انہوں نے کہا کہ آج عدالت نے بھی ان تمام چیزوں کو مسترد کیا اور معاملہ نیب کے حوالے کیا، آج عدالت کہہ رہی ہے کہ بلاول اور وزیراعلیٰ سندھ کا نام ای سی ایل میں ڈالنا غلط ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئےکہا کہ تحریک انتقام کو امور مملکت پر توجہ دینا چاہیے اور سیاسی انتقام چھوڑ دیں، تحریک انصاف، تحریک انتقام بن گئی ہے لہٰذا اسے اپنی پالیسی پر سوچ بچار کرنا چاہیے، سازشی عناصر کے اب ہتکھنڈے نہیں چلیں گے۔

کوئی پیشی پر نہ آتا تو نام ای سی ایل میں شامل کیا جاتا: نثار کھوڑو

دوسری جانب بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں نثار کھوڑو نے کہا کہ ہم مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں، ہمارے پاسپورٹ ویسے ہی جمع ہیں، ہم ملک سے باہر سفر نہیں کر سکتے، حکومت کی بدنیتی تھی کہ پاسپورٹ جمع ہونے کے باوجود نام ای سی ایل میں ڈالا گیا، اگر کوئی پیشی پر نہیں آتا تو پھر نام ای سی ایل میں شامل کیا جاتا۔

جے آئی ٹی رپورٹ واٹس ایپ پر موجود ہے: نفیسہ شاہ

اس موقع پر نفیسہ شاہ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی سیکریٹ رپورٹ ہے جو ہر واٹس اپ پر موجود ہے، اتنی پھرتی دکھاتے ہیں کہ 6 ماہ میں جے آئی ٹی بن جاتی ہےاور اپنی رپورٹ دے دیتی ہے، اصغر خان کیس میں کئی سال تک ایف آئی اے رپورٹ نہیں دے سکی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں