وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس جاری ہے، جس کے دوران ملک کی معاشی حالت و توانائی سمیت 26 نکاتی ایجنڈا زیرغور آئے گا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں میگا منی لانڈرنگ کیس کی جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں 172 افراد کے نام ای سی ایل پر ڈالنے سے متعلق خصوصی کمیٹی رپورٹ پیش کرے گی اور مختلف افراد کے نام ای سی ایل میں رکھنے اور نکالنے کے بارے میں تجاویز پر غور ہوگا جبکہ سپریم کورٹ کے حکم پر بلاول بھٹو اور وزیر اعلیٰ سندھ سمیت دیگر افراد کے نام نکالنے کے معاملے پر بھی غور کیا جائے گا۔اجلاس میں فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع سے متعلق آئینی ترمیم کا مسودہ پیش کیے جانے اور وزارت قانون اور کابینہ ڈویژن کا اس حوالے سے بریفنگ کا امکان ہے۔نئی حج پالیسی 2019 پر بھی کابینہ کو بریفنگ دی جائے گی اور حج اخراجات بڑھانے کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے نئے چیئرمین کی تقرری کی منظوری، قائم مقام ڈی جی سول ایوی ایشن اور پی آئی اے کے ڈائریکٹرز سمیت مختلف اداروں میں حکام کی تقرری کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہے۔اجلاس میں ترکی کے شہری گوخن یلدرم کی گرفتاری اور ڈیپورٹیشن کی منظوری دی جائےگی جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) اور سی سی او پی کے فیصلوں کی توثیق بھی کی جائے گی۔

 

اپنا تبصرہ بھیجیں