پاکستانی استاد احمد سایا نے کیمبرج یونیورسٹی کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا

کراچی/لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والے احمد سایا نے لندن کی کیمبرج یونیورسٹی کے محنتی (Dedicated) استاد برائے 2019 کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔واضح رہے کہ احمد سایا کراچی میں واقع کورڈوبا اسکول میں اے لیولز کے طلبہ کو پڑھاتے ہیں۔اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 6 معتبر اساتذہ اکرام کو نامزد کیا گیا تھا، جس میں پاکستان کے احمد سایا کے علاوہ بھارت کے ابھے نندن بھٹیاچاریا، سری لنکا کے اینتھونی چیلیاہ، آسٹریلیا کے کینڈس گرین، فلپائن کے جمری ڈیپن اور ملائیشیا کے شارون کونگ فونگ شامل تھے۔اس اعزاز کے حقدار کا فیصلہ ووٹنگ کی بنیاد پر کیا گیا۔کمیبرج یونیورسٹی پریس نے ٹوئٹر پر اس بات کا اعلان کیا کہ احمد سایا نے محنتی استاد برائے 2019 کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔واضح رہے کہ دنیا بھر کے تمام طلباء سے گزشتہ برس اکتوبر سے دسمبر تک پوچھا گیا تھا کہ وہ جن اساتذہ اکرام کو سب سے زیادہ محنتی سمجھتے ہیں ان کے نام بھیج دیں۔کیمبرج یونیورسٹی پریس ویب سائٹ کے مطابق ووٹنگ کا عمل 27 جنوری تک اختتام پذیر ہوا، جس کے بعد فاتح استاد کے نام کا اعلان کیا گیا۔یہ اعزاز حاصل کرنے کے بعد احمد سایا کو نہ صرف کیمبرج یونیورسٹی کا دورہ کروایا جائے گا بلکہ ساتھ ہی انہیں اپنے اسکول کے لیے کنٹینوئنگ پروفیشنل ڈیولپمنٹ (سی پی ڈی) کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر انعامات بھی دیئے جائیں گے۔

پاکستانی استاد احمد سایا نے کیمبرج یونیورسٹی کا ایوارڈ اپنے نام کرلیا” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں