خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش، پہاڑوں پر برفباری

کوئٹہ/ پشاور: بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ بالائی شمالی علاقوں میں پہاڑوں پر برفباری ہورہی ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گزشتہ روز سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جب کہ محکمہ موسمیات نے پہاڑوں پر برفباری کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔چمن شہر اور گرد و نواح میں وقفے وقفے سے موسلادھار بارش جاری ہے جب کہ پشین، خانوزئی، ژوب، لورالائی موسی خیل میں بھی بارش ہوئی۔وادی زیارت، کان مہترزئی اور کوژک ٹاپ میں رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وادی زیارت میں رابطہ سڑکوں پر آمد و رفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔بارش کے بعد بلوچستان میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، وادی کوئٹہ اور زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جب کہ قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5، ژوب میں 2، تربت میں 14، پسنی اور گوادر میں 13 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق سبی میں درجہ حرارت 17، خضدار 5 اور نوکنڈی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب ملکی شمالی علاقوں میں دو روز کے وقفے کے بعد دوبارہ برفباری شروع ہوگئی، ضلع استور میں برفباری کے باعث شونٹھر، منی مرگ اور قمری میں رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں جس کی وجہ سے معمولات زندگی شدید متاثر ہیں۔ملکہ کوہسار مری میں بھی وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے، نتھیا گلی سمیت گلیات کے مختلف علاقوں میں رات سے برفباری جاری جہاں ڈیڑھ فٹ تک برف پڑ چکی ہے، برفباری سے گلیات کی تمام رابطہ سڑکیں بند ہوگئیں۔لوئر دیر شہر اور گرد و نواح میں بارش ہوئی جب کہ بالائی علاقوں میں برفباری جاری ہے، اسی طرح سوات میں بارش، کالام ، مالم جبہ میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔آزاد کشمیر میں بھی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کے بعد موسم مزید سرد ہوگیا، مظفر آباد شہر اور گرد و نواح میں بارش ہوئی، وادی نیلم میں اٹھ مقام میں گزشتہ رات سے برفباری جاری ہے اور اب تک 6 انچ سے زائد برف پڑچکی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں