وزیراعظم کا سری لنکن ہم منصب کو فون، دہشتگردی کے واقعے پر افسوس اور تعزیت

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے بم دھماکوں اور جانی نقصان پر اپنے سری لنکن ہم منصب کو فون کرکے تعزیت اور افسوس کا اظہار کیا۔ترجمان دفترِ خارجہ ڈاکٹر فیصل کے ٹوئٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے آج سری لنکن وزیراعظم سے ٹیلی فون پر بات کی اور ایسٹر کے موقع پر ہونے والے دہشت گرد حملوں کی شدید مذمت کی۔ڈاکٹر فیصل کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دہشت گرد حملوں میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد صحت یابی کی دعا کی جب کہ ان کے اہلخانہ سے دلی رنج کا اظہار کیا۔ترجمان دفتر خارجہ نے اپنی ٹوئٹ میں بتایا کہ سری لنکن ہم منصب سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان سری لنکن بھائیوں کی قیمتی جانوں کے نقصان پر غم زدہ ہے اور اس مشکل وقت میں ان کے ساتھ ہے۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ بطور دہشتگردی کے بدترین متاثرین ہم ان کا درد محسوس کرسکتے ہیں۔ترجمان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کی کوئی سرحد اور کوئی مذہب نہیں۔یاد رہے کہ سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ایسٹر کے موقع پر 3 گرجا گھروں اور 4 ہوٹلوں میں 8 دھماکے ہوئے جس میں غیرملکیوں سمیت 300 سے زائد افراد ہلاک اور 400 سے زائد زخمی ہوئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں