ایران سے طوفان کا سسٹم بلوچستان میں داخل، بارشوں کے بعد ندی نالوں میں طغیانی

کراچی: ایران سے طوفان کا نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگیا جس کے باعث طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق خضدار، چمن اور دکی سمیت شمال اور مغربی بلوچستان میں طوفانی بارش اور ژالہ باری سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں کہیں تیز اور ہلکی بارش کا امکان ہے، مکران کے ساحلی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ وادی کوئٹہ اور گردونواح میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود ہے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ژوب میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جب کہ قلات میں 6، بارکھان میں 2 اور دالبندین میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ادھر لاہور، گوجرانوالہ، گجرات، جہلم اور پشاور میں بھی رات گئے بارش ہوئی جس کے بعد موسم سہانا ہوگیا۔محکمہ موسمیات کا بتانا ہے کہ کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور صوبے میں بارش کے باعث مختلف شہروں میں گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں