گھوٹکی ضمنی انتخاب: پی پی کے محمد بخش مہر نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کو شکست دیدی

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی 2 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے امیدوار سردار محمد بخش مہر نے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار سردار احمد علی کو شکست دیدی۔این اے 205 گھوٹکی میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں تمام 290 پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری و غیر حتمی نتیجے کے مطابق پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر89 ہزار 180 ووٹ لے کر جیت گئے ہیں جب کہ آزاد امیدوار سردار احمد علی مہر 72 ہزار 499 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نومنتخب ایم این اے محمد بخش مہر جیت کی مبارکباد دینے گھوٹکی پہنچے اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا انتخابی نتیجہ تبدیلی والوں کے خلاف عوامی فیصلہ ہے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی فتح کا واضح مطلب ہے نہ کھپے نہ کھپے نیا پاکستان نہ کھپے۔انہوں نے کہا کہ این اے 205 میں ملنے والی کامیابی پیپلز پارٹی کی فتح کا نیا آغاز ہے۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 205 گھوٹکی 2 کی نشست تحریک انصاف کے رکن اور وفاقی وزیر اینٹی نارکورٹکس سردار علی محمد مہر کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔اس نشست پر پیپلز پارٹی کے سردار محمد بخش مہر اور آزاد امیدوار سردار احمد علی کے درمیان تھا جو آپس میں ماموں بھانجہ بھی ہیں۔آزاد امیدوار سردار احمد علی کو تحریک انصاف اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی حمایت حاصل تھی۔قومی اسمبلی کے حلقہ 205 پر ضمنی انتخابات کے موقع پر پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے بغیر کسی تعطل کے شام 5 بجے تک جاری رہا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں