سندھ حکومت کا کورنگی کازوے پر پل بنانے کا منصوبہ

کراچی: سندھ حکومت نے کورنگی کاز وے پر پل بنانے کا منصوبہ بنا لیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں میٹرو پول کے پاس 2 انڈر پاس بنانے پر غور ہوا جن میں ایک انڈر پاس آواری ٹاور کے پاس اور دوسرا میٹروپول کے پاس بنانے پر غور ہوا۔ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق مراد علی شاہ نے خود پورے پروپوزل کو اسٹڈی کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا کہ میں خود اس کو انجینئرنگ پوائنٹ آف ویو سے اسٹڈی کروں گا، اس کی اسٹڈی کرکے اندازہ کروں گا کہ انڈر پاس کہاں بنائیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یلو لائن بی آر ٹی کے لیے بلوچ کالونی پُل کو کورنگی سے ملانے کی تجویز ہے، کورنگی کاز وے کے مسئلے کو بھی حل کرنا چاہتا ہوں اور کورنگی کاز وے پر پُل بنانا چاہتا ہوں۔وزیراعلیٰ سندھ نے پُل کا پروپوزل بنانے کے احکامات بھی جاری کردیے۔واضح رہے کہ کراچی میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے باعث کورنگی کاز وے کئی مرتبہ زیر آب آئی جس سے سڑک کو بند کردیا گیا اور کورنگی کی طرف سے آنے جانے والے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں