کراچی: حساس علاقے میں رہائش پذیر باپ بیٹا گھر میں قتل

کراچی: کلفٹن کے حساس سیکیورٹی علاقے میں پی ایچ ڈی ڈاکٹر اور جواں سال بیٹے کو گھر میں قتل کردیا گیا۔پولیس کے مطابق کلفٹن میں سیکیورٹی کے حوالے سے انتہائی حساس علاقے بلاک 4 میں باپ بیٹے کے دوہرے قتل کی واردات بدھ کی صبح ساڑھے 6 بجے سے 8 بجے کے درمیان ہوئی۔پولیس کے مطابق 65 سالہ پی ایچ ڈی ڈاکٹر فصیح عثمانی اور ان کے 22 سالہ بیٹے کامران عثمانی کی لاشیں صبح ان کے گھر کے بیڈ روم سے ملیں، واردات کے وقت دونوں باپ بیٹا سوئے ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق فصیح عثمانی کی اہلیہ مسز آسیہ نے بیان دیا ہے کہ وہ صبح ساڑھے 6 بجے معمول کے مطابق گھر سے واک کرنے کے لیے چلی گئیں، شوہر اور بیٹا سو رہے تھے، واپس آنے کیلئے گھر کی اطلاعی گھنٹی بجا کر انہیں نیند سے جگانا نہ پڑے اس لئے وہ واپس آنے کیلئے گھر کا پچھلا چھوٹا دروازہ کھلا چھوڑ گئیں، واک بعد خاتون گھر واپس پہنچیں تو قیامت کا منظر تھا، شریک حیات اور ان کے لخت جگر کی لاشیں بیڈروم میں خون میں لت پت پڑی تھیں۔ایس ایچ او کلفٹن پیر شبیر کے مطابق نقد رقم، لیپ ٹاپس، موبائل فونز، زیورات اور دیگر بھاری قیمتی اشیاء گھر میں جوں کا توں موجود ہے اور ملزمان نے بظاہر کسی چیز کو ہاتھ تک نہیں لگایا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں