امریکا، اسرائیل کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا: جنرل سلیمانی کی بیٹی کا پیغام

تہران: ایران کی قدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی کی بیٹی نے امریکی صدر ٹرمپ کو واضح پیغام دیتے ہوئے کہا کہ والدکی موت پر امریکا اور اسرائیل کو سیاہ دن دیکھنا پڑے گا۔جنرل قاسم سلیمانی کی نماز جنازہ کے موقع پر ان کی صاحبزادی زینب سلیمانی نے اپنے والد کی موت پر شدید رد عمل کا اظہار کیا اور امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کو واضح پیغام دیا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق زینب سلیمانی نے میڈیا ٹاک میں کہا کہ امریکا اور اس کے اتحادی اسرائیل کو جنرل سلیمانی کی موت پر ’سیاہ دن‘ دیکھنا پڑے گا۔انہوں نے امریکی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ دیوانے ٹرمپ یہ مت سمجھنا کہ میرے والد کی موت کے ساتھ سب کچھ ختم ہوگیا۔اس موقع پر قدس فورس کے نئے کمانڈر بریگیڈئیر جنرل اسماعیل قاآنی کا کہنا تھا کہ قاسم سلیمانی کے قتل کےبعد امریکا کو خطے سے نکالنا ان کا مقصد بن گیا۔انہوں نے ایرانی عوام سے قاسم سلیمانی کے راستے پر چلنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے لیے اب صرف ایک ہی مداوا ہے کہ امریکا کو خطے سے نکال باہر کیا جائے گا۔خیال رہے کہ ایران نے بغداد شہر میں قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا امریکا سے بدلہ لینے کا اعلان کیا ہے اور پاسداران انقلاب نے کہا ہےکہ وہ جلد امریکا کی اس عارضی خوشی کو سوگ میں تبدیل کر دیں گے۔ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے بھی اپنے ردعمل میں کہا کہ جنرل سلیمانی پر حملہ کر کے امریکا نے عالمی دہشتگردی کی ہے، امریکا نے انتہائی خطرناک اور بے وقوفانہ اقدام اٹھایا ہے جس کی قیمت انہیں چکانی پڑے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں