چین سے مزید دو پروازیں پاکستان پہنچ گئیں

چینی باشندوں سمیت دیگر مسافروں کو لیکر مزید دو پروازیں پاکستان پہنچ گئیں۔چین میں کورونا وائرس کے باعث متعدد ممالک نے چین سے آنے والے مسافروں کے داخلے پر پابندی عائد کر رکھی ہے جب کہ امریکا اور برطانیہ سمیت کئی ممالک اپنے شہریوں کو چین سے نکال بھی چکے ہیں۔اس تمام تر صورت حال میں چین نے بھی اپنے ممالک کے باشندوں پر بیرون ملک جانے کے حوالے سے سخت پالیسی اختیار کر رکھی ہے اور کسی بھی مسافر کو بغیر طبی معائنے کے بیرون ملک جانے کی اجازت نہیں ہے۔اسی تناظر میں چین سے دو پروازیں آج پاکستان پہنچی ہیں جس میں سے ایک کراچی اور دوسری اسلام آباد میں لینڈ ہوئی ہے۔ائیرپورٹ ذرائع کے مطابق ائیر چائنا کی پرواز سی اے 946 بیجنگ سے کراچی پہنچی جس میں 23 چینی باشندے بھی سوار تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک چینی باشندے کو ائیر پورٹ پر شک کی بنیاد پر روکا گیا لیکن طبی معائنے کے بعد چینی باشندے کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔چین کے شہر ارومچی سے چائنا سدرن کی پرواز سی زیڈ 6007 اسلام آباد پہنچی جہاں ائیرپورٹ پر مسافروں کی کورونا وائرس کی اسکریننگ کی گئی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں