پی ایس ایل میچز: کراچی کے شہریوں کیلیے ٹریفک پلان جاری

کراچی ٹریفک پولیس نے پی ایس ایل فائیو کے میچوں کے لیے ٹریفک پلان جاری کردیا۔کراچی میں ایچ بی ایل پی ایس ایل سیزن فائیو کے افتتاحی میچز 20 تا 23 فروری کھیلے جائیں گے ۔ٹریفک پولیس نے عوام کی رہنمائی کے لیے روٹ پلان جاری کردیا ہے جس کے مطابق شارع فیصل سے براستہ کارساز نیشنل اسٹیڈیم آنے والی سڑک بند ہوگی۔راشد منہاس روڈ سے براستہ ڈالمیا نیشنل اسٹیڈیم آنے والی شاہراہ بھی بند ہوگی، لیاقت آباد سے براستہ حسن اسکوائر فلائی اوور سے بھی نیشنل اسٹیڈیم تک آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ٹریفک پلان کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر نیو ٹاؤن ٹرننگ سے نیشنل اسٹیڈیم جانے کی اجازت نہیں ہوگی، لیاقت نیشنل اسپتال اور آغا خان اسپتال آنے والوں و اطراف کے مکینوں کی رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس موجود ہوگی جب کہ یونیورسٹی روڈ، شہید ملت روڈ اور راشد منہاس روڈ ٹریفک کے لیے کھلے رہیں گے، متبادل شاہراہوں پر میچز کے اوقات میں ہیوی ٹریفک کا داخلہ ممنوع ہوگا۔ٹریفک پلان کے مطابق ضلع وسطی اور غربی کے شہریوں کے لیے حسن اسکوائر سے بائیں جانب یونیورسٹی روڈ پر پارکنگ بنائی گئی ہے، ضلع ملیر اور شرقی سے آنے والے افراد بھی اپنی گاڑیاں و موٹرسائیکلیں یہاں پارک کرسکیں گے۔شائقین کو شٹل سروس کے ذریعے ایکسپو سینٹر تک لایا جائے گا، ڈالمیا کے قریب غریب نوازفٹبال گراؤنڈ بھی پارکنگ پوائنٹ ہوگا، ضلع جنوبی اور اولڈ سٹی ایریا سے آنے والے شائقین ایکسپو سینٹر گیٹ نمبر ایک کے قریب گاڑیاں اورموٹرسائیکلیں پارک کرسکیں گے، آغاخان اسپتال کے قریب رعنا لیاقت علی گرلز کالج کا میدان بھی پارکنگ پوائنٹ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں