کوروناسے نمٹنے کیلئے پوری قوم متحدہے،لیاقت بلوچ

حکومت تذبذب پر مبنی اقدامات سے قومی فکری اتحاد خراب کر رہی ہے
لاہور(صباح نیوز) نائب امیر جماعت اسلامی اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ کورونا وباء سے نمٹنے اور نجات پانے کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ تمام دینی اور اپوزیشن جماعتوں نے دانشمندی اور قومی کردار کا مظاہرہ کیا ہے۔ عوام حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں اور ہر پابندی کے لئے تیار ہیں سب کی اولین ترجیح کورونا وباء سے نجات ہے لیکن حکومت خود اپنے متضاد اور تذبذب پر مبنی اقدامات سے قومی فکری اتحاد کو خراب کر رہی ہے۔ وزیراعظم، وزرائ، پنجاب، کے پی کے، بلوچستان کے وزراء اعلیٰ سنجیدگی کا مظاہرہ کریں۔ سیاست بازی سے پرہیز کریں۔ وزیراعظم نے اپنی ضدی رویے اور اسلوب سے خود اپنے آپ کو دیوار سے لگایا ہے۔ یہ نوشتہ دیوار ہے کہ لاک ڈاؤن کا فیصلہ، اعلان اور عملدرآمد ریاست نے کرایا اور حکومت اپنی نااہلی سے سائیڈ لائن ہو گئی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ ہاتھ ملانے، سماجی رابطہ کم سے کم کرنے، بار بار ہاتھ دھونے کی احتیاطوں سے بھرپور آگہی ضرور کی جائے لیکن یہ وقت رجوع الی اللہ کا ہے، اسلامیان پاکستان کو توبہ و استغفار اور پاکیزگی کا بھی پیغام دیا جائے اسلامی جمہوریہ پاکستان کی حکومت کا یہ فرض ہے اپنے لائحہ عمل سے قادر مطلق کی رحمت و کرم کو بے دخل نہ کیا جائے۔ حکومت یقینی بنائے کہ عوام کو سہولتیں ملیں۔ بجلی، پانی کی فراہمی یقینی رکھی جائے۔ سود کی معیشت سے توجہ کی جائے۔ لاک ڈاؤن اعلان ہو گیا عملدرآمد شروع ہو گیا۔ اب یہ حکومت اور ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی ضروریات، جذبات و احساسات کا خیال رکھا جائے۔ قومی قیادت کو متحد کرنا وزیراعظم عمران خان کا قومی فرض ہے۔ بلاجواز آنا، ضد اور ہٹ دھرمی سے پرہیز کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں