ریجنل منیجر افتخار انقلابی نے سامان صدرغازی ملت پریس کلب کے حوالے کیا
راولاکوٹ (نمائندہ خصوصی) مسلم ہینڈز انٹرنیشنل راولاکوٹ کی طرف سے غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے ممبران کو سینٹی ٹائزر، ماسک اور دستانے فراہم کئے گئے ، گزشتہ روز پیر کو مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے ریجنل منیجر افتخار انقلابی نے یہ اشیاء غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے صدر اعجاز قمر ، سرپرست اعلیٰ سردار نذر محمد کے حوالے کیں ، سردار افتخار انقلابی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ہینڈز نے قدرتی آفات ، ہنگامی حالات میں اپنی خدمات انجام دینے کی بھرپور کوشش کی ہے ، دنیا بھر کی طرح پاکستان اور آزادکشمیر میں بھی کورونا وائرس ، لاک ڈائون سے متاثرہ افراد کی مدد کے علاوہ فرنٹ لائن پر کام کرنے والے ڈاکٹرز ، طبی عملہ، انتظامی ، پولیس افسران اور صحافیوں کیلئے حفا ظتی سامان کی فراہمی ترجیحات میں شامل ہے ، سی ایم ایچ راولاکوٹ کے ڈاکٹرز اور طبی عملہ کیلئے حفاظتی کٹس تقسیم کی گئیں ، پھر انتظامیہ اور پولیس کے ذمہ داران کو ایسی اشیاء فراہم کی گئیں جو کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے میں معاون ثابت ہو سکیں ،بیوائوں ، یتیموں ، غریبوں اور مستحقین کو مشکل صورت حال میں ایک ماہ کیلئے اشیائے خوردنی فراہم کی گئیں ، ہماری کوشش ہے کہ یہ اشیاء اصل حقدار وں تک بلا تخصیص پہنچائی جائیں اس کیلئے مسلم ہینڈز کی ٹیم اور رضاکار دن رات کوشاں ہیں ، مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے بانی سید لخت حسنین ، کنٹری منیجر سید ضیاء النور اور ان کے ساتھیوں نے ہمیشہ آزادکشمیر میں فلاحی کاموں کی سرپرستی کی اور ان کی خصوصی شفقت کے باعث یہاں کی بیوائوں ، یتیموں اور دیگر مستحقین افراد کے مسائل حل کرنے میں مدد مل رہی ہے ، انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے ہمیں اجتماعی کاوشوں کو متحد و منظم ہو کر آگے بڑھانا ہو گا اور حکومت کی طرف سے دی گئی ہدایات پر ہر صورت عمل کرنا ہوگا ، اتحاد و اتفاق سے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں کامیابی ممکن ہے ،غازی ملت پریس کلب راولاکوٹ کے صدر اعجاز قمر نے مسلم ہینڈز انٹرنیشنل کے جملہ ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مسلم ہینڈز نے ہمیشہ مشکل حالات میں قوم کی خدمت کی ہے اور موجودہ حالات میں بھی مسلم ہینڈز کی خدمات قابل تحسین ہیں، اپنی جانوں کو خطرہ میں ڈال کر متاثرہ لوگوں کے مسائل حل کرنا یقینا قابل قدر ہے ، مسلم ہینڈز انٹرنیشنل راولاکوٹ کی پوری ٹیم انتہائی جانفشانی سے اپنی خدمات کا تسلسل جا ری رکھے ہوئے جو دوسروں کیلئے قابل تقلید ہے ، لاک ڈائون کے دوران سول سوسائٹی پر بھی بھاری ذمہ داریاں عائد ہوتی کہ وہ سرکاری ، نیم سرکاری اور فلاحی اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ مل جل کر اس وباء سے نجات حاصل کی جاسکے ۔
Load/Hide Comments