شہید بی بی کے مشن کو لے کر چل رہے ہیں: بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بی بی کے مشن کو آگے لے کر چل رہے ہیں. نئے پاکستان میں عوام سے روٹی ‘ کپڑا اور مکان چھینا جارہا ہے صوبوں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا جارہا ہے۔
ہم آئین اور حقوق پر سودے بازی نہیں کریں گے ،سندھ کے حقوق چھین کر حاصل کریں گے ،لوگ مانیں یا نہ مانیں سندھ میں کام ہوا ہے اس صوبے میں ایسا کام ہوا ہے جو کوئی بزدار یا عمران خان نہیں کرسکتا۔
کم وسائل کے باجودہم نے کارکردگی دکھائی،ہم ایسا پاکستان بنائیں گے جہاں عام آدمی کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہو ،ہر پاکستانی کو برابری کے حقوق ملیں ، ہم شہید بی بی کے نظریات پر ہونے والے حملوں کو ناکام بنائیں گے۔

عوام میں جاکربتائیں گے ،ان کے ساتھ ناانصافی ہورہی ہے۔ مسلسل این ایف سی ایوارڈ نہیں دیا جارہا۔ سندھ کے لوگوں کو بے روزگار کیا جارہا ہے۔  پیپلز پارٹی نے کبھی کسی سے نوکری نہیں چھینی۔ اس نالائق حکومت کو عوام کا روزگار چھیننے نہیں دیں گے۔

پیر کو شہید بے نظیر بھٹو کی 68ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے بینظیر بھٹو کا پرچم تھام کر بی بی کے نظریے کو زندہ رکھا ہم آج بھی شہید بی بی کے مشن کو آگے لے کر چل رہے ہیں۔

ہم ایسا پاکستان بنائیں گے جو جمہوری ہو جہاں عام آدمی کا خیال رکھنا ریاست کی ذمہ داری ہو عام آدمی تک روٹی’ کپڑا اور مکان پہنچایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں