مہاجرین کے حلقہ جموں ایک الیکشن میں دھاندلی کے خلاف سابق وزیر سیاحت طاہر کھوکھر کی رٹ پر الیکشن ٹربیونل میں سماعت، ریجنل الیکشن کمشنر لاہور،ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر لاہور سمیت ریٹرنگ آفیسر کراچی کو تعمیل کے لیے آخری نوٹسز جاری۔ عدالت نے اب تعمیل نہ کرنے والے فریقین کے خلاف یک طرفہ کارروائی کا عندیہ دیدیا۔ کیس کی سماعت کے لیے 11دسمبر کی تاریخ مقرر کردی گئی ہے۔
طاہر کھوکھر گزشتہ روز خود بھی عدالت میں پیش ہوئے، سماعت الیکشن ٹربیونل کے جج راجہ طارق جاوید نے کی جبکہ طاہر کھوکھر کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکیل میر شرافت ایڈووکیٹ رٹ کی پیروی کررہے ہیں۔ سماعت کے بعد سابق وزیر سیاحت وٹرانسپورٹ طاہر کھوکھر نے میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جموں ایک سے جعلی وفرضی ووٹوں پر کامیاب ہونے والے اور نوٹوں پر ٹکٹ حاصل کرنے والے ریاض گجر کا انجام قریب ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا ہے کہ 5مہاجرین ممبران اسمبلی جعل سازی اور چور دروازے سے اسمبلی میں داخل ہوئے ہیں جن کے مکمل ثبوت اکھٹے کرلیے گئے ہیں۔ یہ ثبوت جلد منظر عام پر لائے جائیں گے اور جعل سازی سے الیکشن چوری کرنے والے اپنے انجام کو پہنچ جائیں گے۔ جعل سازی سامنے آنے پر ان ممبران اسمبلی نے پیپلزپارٹی سے رابطے شروع کردیئے ہیں۔ تاکہ وہ پول کھلنے پر اپنی سیٹیں بچا سکیں، انہیں معلوم ہے کہ اگر ہمارا پول کھلا تو ان سیٹوں پہ دوبارہ ن لیگ جیت جائے گی۔
طاہر کھوکھر کا کہنا تھا کہ اب وہ پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کو لالی پاپ دے رہے ہیں کہ وہ اس معاملے پر ان کی مدد کریں، انہیں بچائیں تو اگلے الیکشن میں وہ پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہوجائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ جموں ایک میں جس طرح لاقانونیت کی گئی، جعلی وفرضی ووٹوں کے ذریعے ایک شخص کو ممبر اسمبلی منتخب کیا گیا ہے وہ سب جانتے ہیں، پہلے موصوف نے نوٹ دے کر ٹکٹ لیا پھ رجعلی ووٹ اور دھاندلی کے ذریعے اسمبلی تک پہنچے ہیں ان کا پیچھا کریں گے اور انصاف نہ ملنے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔