اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا ہے کہ کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا۔
وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے معاملے پر پہل کی ہے اور اگر دنیا نے افغانستان کی مدد نہ کی تو وہاں مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔ بین الاقوامی ڈپلومیسی میں آگے بڑھ کر وزیر اعظم لیڈ لے رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کی جس طرح مذمت کرنی چاہیے وہ اس طرح نہیں ہو رہی۔ شہباز شریف کرپشن کا کیس دیکھ لیں وہ چپڑاسی کے نام پر اکاؤنٹ کھولتے ہیں جبکہ نواز شریف آج تک فلیٹس کے پیسے نہ بتا سکے۔ شفقت محمود نے کہا کہ آصف علی زرداری اور شرجیل میمن کی فائل ہی غائب ہوجاتی ہے۔ کرپشن پر ملکی ادارے کچھ کام کر رہے ہیں اور کچھ نہیں کر رہے۔ برے کو برا کہا جائے۔ اخلاقیات ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل کی لیکن خود ہی مؤخر کر دی۔ ضمنی الیکشن کی ساری سیٹیں ن لیگ نے جیتی ہیں لیکن جب انتخابات کا وقت آئے گا تو تحریک انصاف اگلا انتخاب بھی جیتے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کھربوں روپے کھانے والوں کا عوامی سطح پر احتساب نہیں ہو رہا۔