محمد

قومی کرکٹر محمد حفیظ کا انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کااعلان

قومی کرکٹر آل راونڈر اور سابق کپتان محمد حفیظ نے انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔

محمد حفیظ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان پریس کانفرنس میں کیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے کیریئراور کامیابی سے بہت خوش ہوں، ان کی کامیابی پاکستان کی کامیابی ہے۔ محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ 18 سال پہلے اپنے کیریئر کا خوبصورت سفر شروع کیا، اور اپنے ملک اور ٹیم کے لیے ہمیشہ اچھی کارکردگی دکھانے کی کوشش کی، اس سفر میں پی سی بی اور میڈیا کے دوستوں نے مجھے بہت سپورٹ کیا۔

قومی کرکٹر نے مزید کہا کہ پاکستان کے لئے کھیلنا اعزاز کی بات ہے، اور آخری ورلڈ کپ پاکستان کے پرائیڈ کے لئے کھیلا تھا۔ محمد حفیظ پاکستان کے لئے 55 ٹیسٹ، 218 ون ڈے اور 119 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔ سرگودھا میں آنکھ کھولنے والے محمد حفیظ نے 2003 میں انٹرنیشنل کرکٹ میں قدم رکھا، اپنی جارحانہ بیٹنگ اور آف اسپن بالنگ سے انہوں نے جلد ہی تینوں فارمیٹس میں اپنی جگہ پکی کر لی۔

محمد حفیظ نے اپریل 2003 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے سے ڈیبیو کیا اور اسی سال انہوں نے ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ڈیبیو کیا۔ ون ڈے میں انہوں نے 218 میچ کھیل کر 6614 رنز بنائے، 11 سنچریز اور 38 ففٹیز بھی اسکور کیں۔ محمد حفیظ نے 55 ٹیسٹ کھیل کر 3652 رنز بنائے، 10 سنچریز اور 12 ففٹیز بنائیں، اٹھائیس اگست 2006 کو پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف اپنا پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، محمد حفیظ اس کا بھی حصہ تھے، انہوں نے 119 میچوں میں 14 ففٹیز کی مدد سے 2514 رنز بنائے۔

محمد حفیظ نے بطور آف اسپنر بھی اہم ذمہ داری نبھائی، ٹیسٹ میں 53، ون ڈے میں 139 اور ٹی ٹوئنٹی میں 61 وکٹیں اپنے نام کیں۔ کھیل کی باریکیوں کو سمجھنے اور اپنا موقف کھل کر دینے کی وجہ سے انہیں پروفیسر کا نام دیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں