آزاد کشمیر کے ضلع میرپور کی تحصیل ڈڈیال میں پولیس نے غیر قانونی اسلحہ کی ایک بڑی کھیپ برآمد کر لی ہے۔ پولیس کے مطابق اسلحہ خیبرپختونخواہ سے آزاد کشمیر سمگل کیا جا رہا تھا۔ پولیس نے دھان گلی کے مقام پر ناکہ لگا کر اسلحہ سمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی اور کم از کم دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او ڈڈیال عمار ڈار کے مطابق اسلحہ خیبر پختونخواہ سے آزاد کشمیر لایا جا رہا تھا جسے ممکنہ طور پر یہاں غیر قانونی طور پر فروخت ہونا تھا۔ پولیس کے مطابق دھان گلی کے مقام پر پولیس نے سندھ میں رجسٹرڈ گاڑی نمبر 111 کو روک کر تلاشی لی تو اس میں سے بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا۔
پولیس نے گاڑی اور اسلحہ ضبط اور دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت سعید اللہ ساکن فقیر آباد ضلع ہنگو اورعابد اللہ ساکن تخت بھائی مردان ظاہر کی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان سے برامد کیے گئے اسلحہ میں کلاشنکوف 03عدد، رائفلز 12عدد، پستول 30بور14عدد، پستول 30 بورفولڈنگ بٹ 05 عدد، رائفل 44 بور02 عدد، رائفل 223بور 02 عدد، 9000 راؤنڈ پستول 30 بور، 2000 راؤنڈ کلاشنکوف اور 50 سے زائد میگزینز برآمد ہوئیں۔
پولیس کے مطابق اس کاروائی میں ایس ایچ او عمار ڈار کے علاوہ سب انسپکٹر اشتیاق علی، ہیڈ کانسٹیبل محمدشفیق ، امجد شاہ، طاہر عباس، خالد صدیق اور دیگر نے حصہ لیا۔