اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہمارا چیلنج اپوزیشن نہیں بلکہ مہنگائی ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عدلیہ آزاد نہیں ہو گی تو جمہوریت کا تحفظ نہیں ہو گا۔ 3 سال بعد چیف جج رانا شمیم کا بیان آتا ہے اور بیان حلفی کس نے بنایا کہاں بنایا سب سامنے آ گیا۔ جس جج پر الزام لگایا گیا وہ بینچ کا حصہ ہی نہیں تھے۔
انہوں نے کہا کہ ماضی میں سپریم کورٹ پر حملے ہوئے اور جسٹس عبدالقیوم کو فون کر کے من پسند فیصلے کیے گئے لیکن ہمیں مسائل کا حل تلاش کرنا ہے اور اس وقت ہماری معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں مایوسی پھیلانا ٹھیک نہیں۔ بیان حلفی کی صداقت کا علم ہو جائے گا۔ 15 دن کی التوا کی درخواست کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایک آڈیو ٹیپ کئی دن میڈیا پر چلتی رہی اور یہ ٹیپ جھوٹی تھی جسے مختلف ٹکڑوں کو جوڑ کر بنایا گیا۔ ہم سب کو ماضی سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ عدالت پر اثر انداز ہونے کا یہ بیانیہ خطرناک ہے اور عدالتوں کے خلاف خطرناک بیانیے کا ہم سب کو نوٹس لینا چاہیے۔ اب یہ معاملہ عدالت میں ہے اس پر زیادہ گفتگو نہیں کرنا چاہتا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارا چیلنج اپوزیشن نہیں مہنگائی ہے اور ہمیں ملک کی چل پڑنے والی معیشت کو مدنظر رکھنا چاہیے۔