کوششوں

ہماری کوششوں سے عمران خان وزیر اعظم بنے: گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے ہماری اجتماعی کوششوں سے ہی عمران خان وزیر اعظم بنے۔

گورنر پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیز کمیشن بننے سے بیرون ملک پاکستانیوں کو فائدہ ہوا۔ جمہوری روایات میں ہر ووٹر اپنا کردارادا کرتا ہے جبکہ عمران خان اور ان کے ساتھیوں نے 22 سال جدوجہد کی۔

انہوں نے کہا کہ میں بھی عمران خان کی جدوجہد میں شامل تھا اور ہماری اجتماعی کوششوں سے ہی عمران خان وزیر اعظم بن گئے۔ میں نے مارشل لا دور میں بھی ڈکٹیٹر شپ کے خلاف آواز اٹھائی ہے۔ چوہدری سرور نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور اس کی لیڈر شپ نے جمہوریت کے لیے بڑی قربانیاں دیں اور پیپلز پارٹی کی جدوجہد کی وجہ سے بینظیر بھٹو اقتدار میں آئیں تھیں۔ جمہوری نظام میں کسی ایک کی نہیں اجتماعی جدوجہد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو صاف پانی فراہم کر رہے ہیں اور ملتان میں فلٹریشن پلانٹ کا افتتاح کرنے جا رہے ہیں۔ ایسے لوگ بھی ہیں کہ جن کے گھروں میں واٹر ہینڈ پمپ بھی نہیں ہے تاہم ہم نے غریب گھرانوں کے لیے سولر پاور واٹر پمپ لگانے شروع کر دیئے ہیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ سولر پاور واٹر پمپ پلانٹ پر صرف 70 ہزار روپے لاگت آئے گی اور 20 فلٹریشن پلانٹ کھول رہے ہیں جس سے ڈیڑھ لاکھ لوگوں کو فائدہ ہو گا۔مارچ کے آخر تک پنجاب میں ڈیڑھ کروڑ لوگوں کو صاف پانی کی سہولت فراہم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے تعاون سے منصوبے کو کامیابی سے آگے بڑھا رہے ہیں جبکہ بند فلٹریشن پلانٹ کو پنجاب حکومت سے لے کر این جی اوز کو دے رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں