کراچی

کراچی میں احتجاجی ریلیاں: مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام

کراچی: شہر قائد میں دو احتجاجی ریلیوں کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بدترین ٹریفک جام ہو گیا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو سخت اذیت و تکلیف کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سندھ کے متنازع بلدیاتی قانون کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی ہے۔ ریلی کے شرکا شارع فیصل سے مارچ کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہاؤس پہنچے ہیں جہاں انہوں نے دھرنا دے دیا ہے۔

اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری موجود ہے اور راستے بند ہیں جب کہ دھرنے میں کارکنان کی بڑی تعداد موجود ہے جو صوبائی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کر رہی ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے دھرنے کے باعث ایم ٹی خان روڈ سلطان آباد سے پی آئی ڈی سی جانے والی سڑک ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہے جب کہ ٹریفک کے پی ٹی فلائی اوور سے مائی کلاچی اوربوٹ بیسن کی جانب موڑاجارہا ہے۔

کراچی میں اس وقت صدر ،ایم اے جناح روڈ، لسبیلہ چوک، تین ہٹی، پاک کالونی، گارڈن، ناظم آباد اور گرومندر کے اطراف بھی شدید ٹریفک جام ہے۔ اس وقت لسبیلہ سے گرومندر کے راستے پر مذہبی جماعت کی ریلی نکالی جارہی ہے جس کی وجہ سے پولیس نے مختلف سڑکیں بند کردی ہیں۔

احتجاجی ریلی کی وجہ سے گرومندر، گولیمار، تین ہٹی اوراطراف میں بری طرح سے ٹریفک جام ہے جب کہ پولیس نے ایمپریس مارکیٹ سے مزارقائد جانے والی سڑک کو بھی ٹریفک کے لیے بند کردیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں