وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور فوجی قیادت میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ وزیراعظم کی مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر سے یہی ناراضگی تھی کہ نواز شریف واپس آیا نہ پیسے۔
بی بی سی کو خصوصی انٹرویو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ملک کا فائدہ اسی میں ہے کہ اسٹیبلشمنٹ اور عمران خان ایک صفحے پر ہوں، اور فوجی قیادت کا فیصلہ ہے کہ وہ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی رہے گی۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سول حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کی سوچ اور رائے میں فرق ہو سکتا ہے، ایسا نہیں کہ سول حکومت اور اسٹیبلشمنٹ ایک صفحے پر نہ ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اور اداروں کی پالیسیاں ایک ہی صفحے پر ہیں، اپوزیشن چاہتی ہے کہ عمران خان اور فوجی قیادت کے درمیان تعلقات خراب ہوں، مگر نہ اسٹیبلشمنٹ بھولی ہے نہ عمران خان بھولا ہے۔
شیخ رشید نے تسلیم کیا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کی جانب سے ایسا نظر آتا ہے کہ عدالتوں میں مقدمات لے جاتے وقت شاید درست انداز میں تیاری نہیں کی گئی۔