پیپلزپارٹی

پیپلزپارٹی وڈیروں کی نہیں، پی ایس ایف کی پارٹی ہے

کراچی: چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ قائد عوام نے ملک کو آئین دیا اورجمہوریت بحال کی لیکن آمر نے یونین سازی کا حق ایوانوں سے چھینا۔ انہوں ںے کہا کہ شہید بی بی نے طلبا یونین کو بحال کیا تھا لیکن ان کے بعد کی حکومتوں نے طلبا یونینز پر پابندی لگائی تھی۔
انہوں نے یہ بات شہر قائد میں پیپلز اسٹوڈنٹس یونین کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نوجوانوں کے خلاف سب سے بڑا ظلم آوازدبانے کی کوشش تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ عجیب منطق ہے کہ یونیورسٹی میں سیاست نہیں ہونی چاہیے جب کہ سیاست کرنا طلبا کا حق ہے۔

انہوں نے کہا کہ طلبا ونگ نے اپنےحق کے لیے ہرجگہ مہم چلائی اور آج انہیں مبارکباد دینا چاہتا ہوں کہ ان کی محنت کی وجہ سے تنظیم بحال ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب طلبا اپنے فیصلے خود کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ اسٹوڈنٹس یونین کی بحالی ہمارا پہلا قدم ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ نوجوان ملک کے وزیراعظم کے انتخابات میں کردار ادا کرتے ہیں اورجنگ ، میدان اور ووٹ سمیت ہر دوڑ میں آگے آگے ہوتے ہیں۔ انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اس قانون کو نہیں مانتے جس کے تحت طلبا سیاست سے دورہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کو آگے بڑھنے کا موقع ملے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے سندھ میں طلبا یونین کو بحال کیا گیا، ویسے ہی پورے ملک میں طلبا یونین کو بحال کیا جائے۔

چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 فروری کو کراچی سے عوامی مارچ نکلے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے خلاف ملک کے نوجوان جدوجہد کرنے کے لیے تیار ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں