مسلم لیگ (ن)پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ عدم اعتماد کے خوف سے عمران خان ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔
انہوںنے ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بھی فراڈ اور صوبے کا نعرہ بھی فراڈ ہے۔ جنوبی پنجاب صوبہ بھی 1 کروڑ نوکریوں اور 50 لاکھوں کی طرح لالی پاپ نکلا۔
خسرو بختیار اینڈ کمپنی کو ایک سانپ سونگھ چکا ہے۔ عمران خان اور عثمان بزدار کو جنوبی پنجاب کے عوام کو محرومیوں کے سوا کچھ نہیں دیا۔ انہوںنے کہا کہ شہباز شریف نے پہلی مرتبہ جنوبی پنجاب کیلئے بجٹ کا 35 فیصد حصہ مقرر کیا۔
شہبازشریف حکومت نے جنوبی پنجاب کے تمام اضلاع میں بلاتفریق ترقیاتی کام کرائے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اور عثمان بزدار جن سڑکوں پر سفر کرکے آج جنوبی پنجاب پہنچتے ہیں وہ نوازشریف اور شہبازشریف کی بنائی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کے خوف سے عمران خان اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے ہیں۔ انکے سوچنے، سمجھنے اور غور کرنے کی صلاحیت جواب دے چکی ہیں جب بھی انکی ادویات آگے پیچھے ہوتی ہیں وہ الٹا سیدھا بولنا شروع کردیتے ہیں۔