وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان نے کہا ہے کہ عمران خان تحریک عدم اعتماد جیت جائیں گے وہ ملک کے لیے ضروری ہیں۔
انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کچھ لوگ اپنی طرز کی حکمرانی چاہتے ہیں اسی لیے عمران خان ملک کے لیے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کا جلسہ سب نے دیکھا عوام صرف عمران خان کے ساتھ ہیں اور عمران خان تحریک عدم اعتماد جیت جائیں گے لیکن اگر عمران خان کو فتح نہ بھی ملے تب بھی جیت ان کی ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے جس خط کی بات کی اس پر ملکی اداروں کی نظر ہے اور خط کے حوالے سے وزیر اعظم نے ذکر کیا لیکن ہم ممالک یا ملک کا نام نہیں لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کے ساتھ پاکستان کے تعلقات ہیں اور کبھی اچھے تو کبھی سرد مہری بھی رہی ہے۔ اس بات میں شک نہیں خط کے کچھ دنوں بعد تحریک عدم اعتماد آئی۔
وزیر مملکت نے کہا کہ سوچنے کی ضرورت ہے عمران خان نے ایسا کیا کہا جس پر عالمی قوتیں ناراض ہوئیں۔ عمران خان نے اسلامو فوبیا کے خلاف جس انداز میں آواز اٹھائی وہ ان قوتوں کو قابل قبول نہیں۔