ڈاکٹر قاسم کی تفاسیر اور کتابوں کے قلمی نسخے اور ان کی دیگر کتابیں ضبط
مقبوضہ کشمیر پولیس نے دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کے گھر پر حملہ کرکے گھر کا سامان توڑ پھوڑ دیا جبکہ ڈاکٹر قاسم کی تفاسیر اور کتابوں کے قلمی نسخے اور ان کی دیگر کتابیں ضبط کر لیں۔دختران ملت کی ترجمان کے مطابق اسلام آباد پولیس سے وابستہ ایک ٹیم نے اے ایس پی طاہر اشرف بھٹی کی قیادت میں اتوار کو صبح تنظیم کی محبوس سربراہ آسیہ اندرابی کی رہائشگاہ واقع صورہ پر چھاپہ مارا ۔بیان کے مطابق آسیہ اندرابی پچھلے دو ماہ سے قید ہیں اور چھاپے کے وقت ان کے گھر میں ایک دو لڑکیاں ہی موجود تھیں۔تنظیم کی ترجمان رفعت فاطمہ کے مطابق چھاپہ صبح سویرے ڈالا گیا اور شاید پولیس کو آسیہ اندرابی کے خلاف اسلام آباد میں دائر کئے گئے مقدمات کیلئے ثبوتوں کی تلاش تھی۔پولیس ٹیم نے گھر میں سب کچھ تہس نہس کردیا لیکن انہیں کچھ ہاتھ نہ آیا۔ ترجمان کے مطابق پولیس اہلکاروں نے ڈاکٹر قاسم کی تفاسیر اور کتابوں کے قلمی نسخے اور ان کی دیگر کتابیں ضبط کر لیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کئی برس قبل ڈاکٹر قاسم کے ہاتھوں کی خطاطی کے نمونے بھی ساتھ لئے۔ عدالت میں انہوں نے جن خدشات اور الزامات کا اظہار کیا تھا ، ان کے بارے میں انہیں مایوسی ہی ہاتھ لگی۔ترجمان نے کہا کہ اب پولیس کو یقین ہوجانا چاہئے کہ ان کے پاس آسیہ اندرابی کے خلاف کچھ بھی نہیں اور تمام الزامات فریب ہی ہیں۔
Load/Hide Comments