مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم میں مزید 5 کشمیری شہید

سری نگری: مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے اور غاصب فوج نے پلوامہ اور کپواڑہ میں آپریشن کے نام پر پانچ کشمیری شہید کردیے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کے نام پر پلوامہ کے علاقے تھامونا میں تین کشمیریوں کو شہید اور ایک گھر کو تباہ کیا۔
بھارتی فوج نے کپواڑہ کے علاقے تنگا کچاما میں بھی ایک کشمیری کو شہید کیا جب کہ پلوامہ میں غاصب فوج نے مظاہرین پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں کشمیری نوجوان شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔
کشمیر میڈیا سروس کا کہنا ہے کہ قابض فوج نے مظاہرین پر فائرنگ، پیلٹ اور آنسوگیس کی شیلنگ کا استعمال کیا جس سے متاثرہ کئی افراد کی حالت تشویشناک ہے۔
حریت کانفرنس اور میرواعظ عمر فاروق نے بھارتی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہا کہ بھارتی دہشت گردی کے باوجود کشمیری اپنی آزادی کی جدوجہد انجام تک پہنچائیں گے۔
دوسری جانب شوپیاں میں گشتی فورسز پرحملے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج کی مقبوضہ وادی میں بربریت کا سلسلہ جاری ہے اور گزشتہ ہفتے بھی اننت ناگ کے علاقے میں پانچ کشمیری نوجوانوں کو شہید کیا گیا تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں