برسی کے سلسلے میں خصوصی اجتماعات ، تقریبات ہوں گی مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی ترال میں جلسہ ہوگا
عسکری تنظیم حزب المجاہدین کے شہید کمانڈر ممتاز حریت پسند نوجوان رہنما برہان مظفر وانی کی دوسری برسی ( اتوار کو) لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف منائی جائے گی ۔ برسی کے سلسلے میں خصوصی اجتماعات ، تقریبات ہوں گی۔ اس روز مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی مشترکہ حریت قیادت کے زیر اہتمام برہان مظفر وانی کے آبائی گاوں ترال میں ایک عوامی اجتماع بھی منعقدکیا جائے گا۔حزب کمانڈر برہانی مظفر وانی کودوسری برسی پر مزاحمتی جماعتوں نے شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ حصول مقصد تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔ ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے برہان مظفر وانی کو کشمیر کی آن ،بان ،شان اور فخر قرار دیتے ہوئے ان جملہ نہتے کشمیریوں کوخراج عقیدت پیش کیا ہے جنہیں 2016کے دوران مارا گیا گیا۔ پارٹی نے ان ہزاروں زخمیوں کو بھی یاد کیا جنہیں وردی پوش اہلکاروں نے ان کی آزادی پسندی کی سزا دی۔برہان وانی کو نئی نسل کی مزاحمت کا موجد اور اس کا لیڈر قرار دیتے ہوئے فریڈم پارٹی ترجمان نے اپنے ایک بیان میں انہیں دوسری برسی کے موقعہ پر عقیدت کا خراج پیش کیا۔بھارتی فورسز نے برہان وانی کو ککرناگ اننت ناگ علاقے میں 8جولائی2016کو مارا تھا ۔بیان میں کہا گیا کہ برہان وانی کے مارے جانے کے بعد زور دار بھارت مخالف مہم کو جنم دیا جس کو کچلنے کیلئے کم و بیش120نہتے شہریوں کو خاک و خون میں نہلایاگیا جبکہ ہزاروں کو مجروح کیا گیا جن میں سے کئی درجن کو زندگی بھر کیلئے اندھا بنایا گیا۔ ترجمان نے کہا کہ برہان وانی کشمیر کی تابناک مزاحمتی تاریخ کا ایک اور درخشندہ باب ہے جن کو ہمیشہ یاد کیا جائے گا ۔ادھر لبریشن فرنٹ (حقیقی) چیئرمین جاوید احمد میر اور پیپلز پو لٹکل پارٹی چیئرمین ہلال احمد وار نے ساتھیوں کے ہمراہ ترال کا دورہ کیا۔ اس موقعہ پر جاوید میر اور ہلال وار نے برہان مظفر وانی کو انکی برسی پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا ۔انہوںنے سبزار احمد بٹ ، عابد حسین خان ، اشفاق خان اور دوسرے شہدا کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا۔انہوںنے ساتھیوں کے ہمراہ شہدا کے حق میں شہید مزار جا کر فاتحہ خوانی کی اور شہدا کے گھر جا کر لواحقین سے تعزیت پرسی کی۔ انہوںنے خطاب کرتے ہوے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر میں دی جا رہی قربانیوں کی حفاظت کرنا ہم سب کا اولین فرض ہے اور شہدائے کشمیر اور کشمیری عوام کی حقِ خود ارادیت کی آواز کو ہر سطح پر جاری رکھا جائے گا۔اس دوران پیپلز لیگ کے محبوس چیئرمین غلام محمد خان سوپوری اور قائمقام چیئرمین سید محمد شفیع نے کہا ہے کہ 2016کے عوامی انتفادہ نے کشمیریوں کی جددجہد کو نئی جلا اور نیاولولہ عطا کیا ہے اور کشمیری عوام کو تحریک آزادی سے متعلق کافی حساس اور سنجیدہ بنانے میں مدد کی۔خان سوپوری نے برہان وانی کو قوم کا ایک مایہ ناز ثپوت قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانی تحریک آزادی کشمیر اور انکے مقدس لہو کی باز گشت دنیا کے تمام بڑے ایوانوں سنائی دی ہے وہ کم عمری کے باوجود ایک سلجھے ہوئے سرفروش تھے اور ان کے اسی کردار نے تحریک آزادی کشمیر میں ایک نئی جان عطا کی میں ان کی اور انکے ساتھیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔تحریک حریت کے ذمہ داروں عمر عادل ڈار اور معراج الدین ربانی نے بالترتیب جامع مسجد آری گام ترال اور جامع مسجد پانتہ چھوک میں عوامی اجتماعات سے خطابات کرتے ہوئے برہانی وانی کو برسی پر خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر میں سنگِ میل کی حیثیت رکھتی ہیں اور ہماری جدوجہد حقِ خودارادیت کی خاطر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ایک پرامن سیاسی تحریک چلارہے ہیں، لیکن بھارتی حکمرانوں نے ہماری پرامن سیاسی جدوجہد کو بزور طاقت کچلنے کے تمام حربے آزمائے۔ انہوں نے کہا بھارت کسی بھی طور ہمیں سیاسی سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت نہیں دیتا ہے، بلکہ ہمیں ظلم وتشدد اور قتل وغارت گری کا نشانہ بناتا ہے۔ ینگ مینز لیگ چیئرمین امتیاز احمد ریشی ،طہور صدیقی اور ارشد رسول نے عمر کالونی سرینگر میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ برہان وانی تحریک کشمیر کے اصلی ہیروہیں جس نے تحریک آزادی کو ایک نئی روح بخشی ۔ انہوںنے کہاکہ برہان وانی کو ہمارا سب سے بڑا اور بہتر خراج عقیدت یہ ہوگا کہ ہم حصول منزل تک اپنی مزاحمت بلا کسی شک و ابہام کے پوری یکسوئی و دلجمعی اور خلوص و دیانت داری سے جاری رکھے۔ سالویشن مومنٹ چیئرمین ظفر اکبر بٹ نے برہان وانی ، ساتھیوں اور 2016 کی عوامی ایجی ٹیشن کے دوران مارے گئے شہریوں کو انکی دوسری برسی پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے نونہال، جگر گوشوں، جذبہ حریت سے سرشار سرفرشوں اور متوالوں کی بیلوث قربانیاں کی بدولت مئسلہ کشمیر زندہ جاوید حقیقت ہے اور عالمی ایوانوں میں گونج رہے، انہوں نے کہا ان سرفرشوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائے گی اور آزادی کا سورج ضرور طلوع ہو گا۔
Load/Hide Comments