وفاقی حکومت آزادکشمیر کی مالی ضروریات کو پورا کرے گی وفاقی وزیر اسد عمر

جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں بھی بھرپور تعاون کرے گی۔
آزادکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت دل کھول کر مدد کرے گی
آزاد کشمیر کے صدر  سردارمسعود خان کی وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے منگل کے روز وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر سے ملاقات کر کے آزادکشمیر کی مالی ضروریات بروقت پوری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ صدر آزادکشمیر نے لائن آف کنٹرول کی صورتحال سے وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کرتے ہوئے بھارتی فائرنگ سے متاثر ہونے والے کے لئے گردشی فنڈز کے اجراء کا معاملہ بھی اٹھایا۔ جس کا اعلان گزشتہ سال وزیر اعظم پاکستان اور چیف آف آرمی سٹاف نے لائن آف کنٹرول کے دورہ کے موقع پر کیا تھا۔ وفاقی وزیر خزانہ صدر سردار مسعود خان کو یقین دلایا کہ وفاقی حکومت نہ صرف آزادکشمیر کی مالی ضروریات کو پورا کرے گی بلکہ آزاد علاقے میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے میں بھی بھرپور تعاون کرے گی۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ سیاحت کی ترقی وفاقی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور آزادجموں وکشمیر میں سیاحت کی ترقی کے لئے وفاقی حکومت دل کھول کر مدد کرے گی ۔ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے حالیہ کامیاب دورہ چین پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے توقع ظاہر کی کہ اس دورے کے بعد پاکستان میں سماجی و اقتصادی ترقی میں تیزی آئے گی۔ صدر سردار مسعود خان نے وزیر اعظم کے کامیاب دورہ چین پر اسد عمر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے کے نتیجہ میں چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کو مکمل کرنے کے عزم میں مزید مضبوطی اور استحکام آئے گا جو چین کے عظیم الشان بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کا حصہ ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت آزادکشمیر کے چار منصوبوں جن میں 750میگاوات پن بجلی کا کروٹ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ،1124میگاواٹ کا کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ ، ضلع میر پور میں صنعتی زون کا قیام اور مانسہرہ سے میر پور تک ایکسپریس وے کی تعمیر شامل ہے سے بھی وفاقی وزیر خزانہ کو آگاہ کیا۔ صدر آزادکشمیر نے وزیر خزانہ پر زور دیا کہ مانسہرہ میر پور ایکسپریس وے منصوبے کی اہمیت کے پیش نظر اس منصوبے کو مستقبل میںفنڈز کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے

اپنا تبصرہ بھیجیں