بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود کا علی گیلانی کو فون

سہیل محمود نے علی گیلانی کے داماد کی وفات پر ان سے تعزیت کا اظہار کیا
غلام حسن مخدومی کے انتقال پر تعزیت کرنے والوں کا شکر گزار ہوں
بھارت میں پاکستان کے ہائی  کمشنر سہیل محمود نے کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین  سید علی گیلانی سے ٹیلی فون  پر رابطہ کیا ہے ۔سہیل محمود نے علی گیلانی کے داماد کی وفات پر ان سے تعزیت  کا اظہار کیا۔ دریں اثنا کل جماعتی حریت کانفرنس گ کے چیرمین  سید علی گیلانی نے ان تمام افراد اور تنظیموں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کے لخت جگر جناب غلام حسن مخدومی کے انتقال پر اُن کے ساتھ حیدپورہ آکر، ٹیلیفون کے ذریعے یا ان کے آبائی گاؤں ڈورو میں تعزیت پرسی کی۔ جنازے میں موسلادھار اور ٹھٹھرتی سردی کے باوجود ہزاروں کی تعداد میں گردونواح سے ہمسائے برادری کے لوگ پورا دن ڈورو میں گزار کر سوگواروں سے اظہارِ ہمدردی کے ساتھ ساتھ انہیں ہمت اور حوصلہ بھی دیا۔ انہوں نے  تمام تنظیموں خاص کر جماعت اسلامی، تحریک حریت، جموں کشمیر لبریشن فرنٹ، عوامی ایکشن کمیٹی، انجمن شرعی شعیاں، مسلم لیگ، محاز آزادی، پیپلز لیگ، بار ایسوسیشن،پیپلز ڈیموکریٹک فرنٹ، مسلم کانفرنس ، انجمن معین الاسلام سوپور، سول سوسائٹی سوپور اور سوپور کی دیگر سیاسی، دینی، سماجی اور دیگر انجمنوں کے علاوہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی تمام اکائیوں کے اکابرین کا دل کی عمیق گہرائیوں سے شکریہ ادا کیا جنہوں نے ناسازگار موسم کے باوجود خود آکرجنازے میں شرکت کرنے کے علاوہ سوگواروں کے درمیان رہ کر انہیں فلسفہ موت وحیات پر بھی بات کی۔ انہوں نے ڈورو، زینہ گیر اور گردونواح کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ان کی ڈورو آمد پر ان کے ساتھ تعزیت پرسی کی۔ انہوں نے حیدرپورہ کے ہمسائیوں اور وادی کے دیگر مقامات سے آئے ہوئے وفود جن میں سیاسی، سماجی، دینی، صحافی، وکلائ، قلمکار، ڈاکٹر، تاجر وغیرہ کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے حیدرپورہ آکر ان سے تعزیت پرسی کی۔ حریت راہنما نے پاکستانی  ہائی کمشنر ، اور بیرون دنیا میں مقیم تمام ان بہی خواہوں کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے ٹیلیفون کے ذریعے ان سے تعزت کی اور ان کی ڈھارس بندھائی۔ خواتین کا خصوصی طور ذکر کرکے حریت چیرمین نے کہا کہ اپنی گھریلو اور نجی مصروفیات کے باوجود میری غمزدہ دختر کی ڈھارس باندھنے اور ان کے غم میں شرکت کے لیے اچھی خاصی تعداد میں ہماری ماؤں بہنوں اور بیٹیوں نے حصہ لیا۔ اُن کو بھی تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے گیلانی  نے کہا کہ اللہ تعالیٰ ان تمام لوگوں کو جزائے نیک عطا اور اُن نیک دُعاؤں کے صدقے مرحوم کے درجات بلند کرکے اُن کو جنت الفردوس میں جگہ دیکر غمزدہ لواحقین کو یہ عظیم صدمہ برداشت کرنے کی ہمت اور حوصلہ عطا کرے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں