مقبوضہ کشمیر کا خطہ عملی طور پر پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہو چُکا ہے،شاہ غلام قادر

بھارت جمہوری ملک ہونے کا دعویدار ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی عجیب تماشا بنی ہُوئی ہے.

مظفرآباد (کشمیر لنک نیوز) آزاد کشمیر اسمبلی کے سپیکر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ بھارت جمہوری ملک ہونے کا دعویدار ہے لیکن مقبوضہ کشمیر کی اسمبلی عجیب تماشا بنی ہُوئی ہے۔ جب انتخابی ڈرامہ رچانا ہو تو سیکورٹی فورسز اور افواج کے سہارے سارا پراسیس مکمل کر لیا جاتا ہے، چند لمحوں میں سارے نظام کو درہم برہم کردیا جاتا ہے۔ اس نام نہاد جمہوریت کی مذمت کرتے ہیں جس میں لوگوں کو شہری حقوق حاصل نہ ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کا خطہ عملی طور پر پولیس سٹیٹ میں تبدیل ہو چُکا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام کی جدوجہد اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق آزادی کے حصول کے لیے ہے، انتخابی ڈرامہ بازی کو کشمیری عوام نے نہ ہی کبھی تسلیم کیا اور نہ اس میں حصہ لیا۔ سپیکر اسمبلی نے کہا کہ پاکستان نے کُھلے دل سے سیکھوں کو بابا گُرو نانک تک آنے کے لیے سہولیات مہیا کی ہیں اور کرتارپور بارڈر کو کھولنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ بھارت کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر کے تمام قُدرتی راستے جن سے کشمیری عوام کی آمد و رفت بآسانی ہو سکتی ہے کھول دیئے جائیں تاکہ بچھڑے ہوئے ریاستی عوام بھی مل سکیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں