کشمیریوں کا قتل عام منصوبہ بند نسل کشی ہے ، میرواعظ

جموں وکشمیر کے عوام جبراستبداد اور غلامی سے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہے ، بیان

سرینگر(کشمیر لنک) کل جماعتی حریت کانفرنس”ع” گروپ کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق نے گزشتہ تین دنوں کے دوران وادی میں بھارتی فورسز کے ہاتھوں اٹھارہ افراد کو جان بحق کئے جانے کی کارروائیوں کو منصوبہ بند طریقے سے کشمیریوں کی نسل کشی قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام عموماً اور نوجوان نسل خصوصاً جبر و استبداد اور غلامیس ے نجات حاصل کرنے کے لئے اپنے خون سے تحریک حریتکی آبیاری کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ معصوم نوجوانوں کا مسلسل شہید ہونا پوری قوم کے لئے سوہان روح اور کرب کا باعث ہے ۔ انہوں نے بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی کی تازہ کارروائیوں میں حالیہ شہید ہونے والوں کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس قوم کو محکومی اور غلامی کے طوق سے آزادی دلانے کے لئے اپنی جانیں قربان کرنے والوں کے ایثار قربانی کو قوم ہر گز فراموش نہیں کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کے لواحقین کو یقین دلاتے ہیں کہ پوری کشمیری قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ایک مقدس نصب العین کے حصول کے لئے دی جا رہی قربانیاں ہمارے لئے انتہائی قیمتی ہیں اور شہیدوں کے خوابوں کو شرمندہ تعبیر کرانے کے لئے قیادت اور قوم وعدہ بند ہے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں