جمہوریہ آزر بائجان کے سفیر علی علی زادہ کا آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا دورہ

مظفرآباد جمہوریہ آزر بائجان کے سفیر علی علی زادہ کا آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد کا دورہ۔ آزربائجان کی تنظیم حیدر الائیو فائونڈیشن کے تعاون سے تعمیر کیے جانے والے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول راڑہ کے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور تقریب سے خطاب کیا۔ تقریب سے ڈی پی آئی سکولز ہاجرہ خاتون، پرنسپل سکول شیریں قادری اور معلمہ سحر مختار نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے سفیر علی علی زادہ نے کہا کہ پاکستان اور آزربائجان دوستی کے لازوال رشتہ سے منسلک ہیں۔پاکستان نے 1993میں سب سے پہلے آزربائجان کو تسلیم کیا اور ا س کے بعد حکومت پاکستان کا ہمارے ساتھ بھرپور تعاون رہا جس پر ہم حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔ا نہوں نے کہا کہ آج میرا آزادکشمیر کا دوسرا دورہ ہے۔ یہاں کے لوگوں کی محبت اور مہمان نوازی بے مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزر بائجان کی حیدر الائیو فائونڈیشن نے 2005کے زلزلہ کے بعد آزادکشمیر اور خیبر پختونخواہ میں انسانی اور سماجی بنیادوں پر کام کیا۔انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی لیڈر شپ نے ہمیشہ بھرپور سپورٹ کی جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ تقریب سے خطاب کر تے ہوئے DPI سکولز محترمہ ہاجرہ خاتون نے آزربائجان کے سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے آزادکشمیر کے عوام کے لیے ان کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ آزربائجان نے زلزلہ 8اکتوبر 2005کے بعد آزادکشمیر کے عوام کے لیے جو کردار ا دا کیا وہ ناقابل فراموش ہے۔ تقریب کے آخر میں آزربائجان کے سفیر نے سکول کی طالبات میں سکول بیگ، کتابیں اور دیگر تحائف بھی تقسیم کیے۔ علاوہ ازیں وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے جمعرات کے روز آزربائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے ایوان وزیر اعظم میں ملاقات کی ۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے آزربائیجان کے سفیر کو خوش آمدید کہا ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ آزادکشمیر ایک پرامن خطہ ہے ، حکومت آزادکشمیر اپنی طے شدہ ترجیحات پر عملدرآمد کو یقینی بنا رہی ہے ۔ لائن آف کنٹرول پر ہندوستانی فوج نے پلوامہ واقعہ کی آڑ میں جارحیت کی اور سول آبادی کو نشانہ بنایا ہے اس کی خواہش خواہش تھی کہ سول آبادی لائن آف کنٹرول سے پیچھے ہٹے ۔ وزیر اعظم نے کہاکہ سیاحوں کیلئے ویز ہ پالیسی میں نرمی سے سیاح آزادکشمیر آ سکیں گے جس کا آزادکشمیر حکومت کو بھی بڑا فائدہ ہوگا۔ وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر حکومت کے درمیان بہترین تعلقات قائم ہیں ۔ مسلم لیگ ن کی سابق وفاقی حکومت نے آزادکشمیر کا ترقیاتی بجٹ دوگنا کیا جس کی وجہ سے ترقیاتی عمل تیز ہوا۔انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات کررہے ہیں ،تعلیم ، صحت، انفراسٹرکچر او ر سیاحت ہماری بنیادی ترجیحات میں شامل ہے ۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے آزر بائیجان کے سفیر علی علی زادہ نے کہا کہ میں پہلے بھی آزادکشمیر آیا ہوں مگر اس بار مجھے آزاد کشمیر میں واضح فرق محسوس ہوا ہے ، مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ آپ کی حکومت تعمیر وترقی اور گورننس کے حوالے سے بہت اچھے اقدامات اٹھار ہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے عمل کی حمایت کرتے ہیں ۔ آزر بائیجان کے پاکستان کے ساتھ دیرینہ رشتے ہیں ، ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے پرعزم ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر حکومت کے ساتھ بھی تعاون کا سلسلہ جاری رہے ۔ اس موقع پر وزراء کرام بھی موجود تھے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں