کشمیر کے حوالے سے عالمی ماحول تبدیل, مغرب میں رائے عامہ بھی تبدیل ہو رہی ہے ملیحہ لودھی

اسلام آباد: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر رکھا ہے لیکن عالمی سطح پر کشمیریوں کے لیے ماحول سازگار ہوگیا ہے۔ایک نجی نیوزچینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ماحول تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مغرب میں رائے عامہ بھی تبدیل ہو رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل کے پندرہ ممبران نے اجلاس پر اتفاق کیا، اب پاکستان کے لیے یہ چیلنج ہے کہ اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ اجلاس میں جو بریفنگ دی گئی اس میں کھل کر بتایا گیا کہ بھارت کیا کر رہا ہے اور اس کے نتیجے میں کیا ہوسکتا ہے۔ چین، روس، برطانیہ اور امریکہ بھی چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلے۔ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھارت بوکھلا گیا ہے کیونکہ وہاں کے عوام چاہتے ہیں کہ بھارت وہاں سے نکل جائے۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کا اجلاس اس بات کا ثبوت ہے کہ یہ بھارت کا اندرونی معاملہ نہیں ہے، بھارت نے اپنے لیے مشکل صورتحال پیدا کرلی ہے جس سے وہ خوفزدہ بھی ہے۔ملیحہ لودھی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان، وزیرخارجہ اس حوالے سے مسلسل مشاورت کر رہے ہیں کہ اس معاملے پر اب مزید کیا کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے اس کے لیے کبھی مذاکرات سے انکار نہیں کیا لیکن بھارت نے یہ راستہ بند کررکھا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب بات دو طرفہ مذاکرات سے نہیں بنی تو ہم نے معاملے کو عالمی سطح پر اٹھانے کی کوشش کی جس کے دوران امریکہ اور روس کی جانب سے ثالثی کی پیشکش سامنے آئی ہے۔ڈاکٹرملیحہ لودھی اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ہیں، اس سے قبل وہ 1993 سے 1996 اور 1999 سے 2002 تک امریکہ میں پاکستان کی سفیر بھی رہ چکی ہیں۔ وہ 2003 سے 2008 تک برطانیہ میں ہائی کمشنر کی ذمہ داری بھی ادا کرچکی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں