اقوام متحدہ چپٹر 7کے مطابق بھارت کے خلاف کارروائی کرے عبدالرشید ترابی

باغ: کنونیئر کل جماعتی کشمیر رابطہ کونسل و چیئرمین پبلک اکائونٹس کمیٹی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی اور نیتن یاہو کے ہاتھ میں ایٹمی ہتھیار پوری دنیا کے لیے خطرہ بن چکے ،عالمی برادری ان دونوں مستند دہشت گردوں کے ہاتھوں سے ایٹمی ہتھیارلے ،سارے انسانوں کو ہندو بنانے کا نظریہ رکھنے والے مودی کو سبق سکھانے کا وقت آگیا ،سلامتی کونسل کا اجلاس خوش آئند ہے ،اقوام متحدہ چپٹر 7کے مطابق بھارت کے خلاف کارروائی کرے ،بھارت پر معاشی پابندیاں عائد کی جائیں تا کہ وہ اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کو حق خودارادیت فراہم کرے ،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے اس لیے او آئی سی کے تمام رکن ممالک بھارت کا سیاسی،معاشی اور سفارتی بائیکاٹ کریں ،لاکھوں کشمیری مشاورت سے سیز فائر لائن پائوں تلے روند کر اپنے بھائیوں کی مدد کریں گے ،عمران خان خود وفد کی قیادت کرتے ہوئے اہم دارالحکومتوں کا فوری دورے کا اہتمام کریں ،ریڈ فائونڈیشن نے معیار تعلیم کو بلند کیا نسل نو کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کے لیے ریڈ فائونڈیشن نے کلیدی کردار ادا کیا ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ریڑھ بن میں ریڈ فائونڈیشن کے زیر اہتمام تقریب،وفود اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ بیس کیمپ کا حقیقی کردار جو 1947ء میں متعین کیا گیا تھا وہ بحال کیا جائے تا کہ بیس کیمپ عسکری،اور سفارتی سطح پر اپنا کردار ادا کرسکے ،اس وقت مقبوضہ کشمیر قتل گاہ میں بدل چکا ہے مسلسل کرفیو کی وجہ سے انسانی زندگیوں کو خطرہ لاحق ہے 15لاکھ فوج اور آر ایس ایس کے غنڈے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہے ہیں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں پوری وادی کو قید خانے میں تبدیل کر دیا گیا ہے 90لاکھ کشمیری عملاً محصور موت و حیات کی کشمکش میں ہیں ہندوستانی افواج نے سیز فائر لائن پر جنگ مسلط کی ہوئی ہے تا کہ وادی سے تو جہ ہٹائی جائے ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمہ گیر جہاد کا اعلان کیا جائے تا کہ لوگ اپنے بھائیوں کی عملی مدد کرسکیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں