کشمیریوں نے جعلی تبدیلی کومستردکردیا،حکومت پیپلزپارٹی بنائیگی:چودھری یاسین

آزاد جموں کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چودھری محمد یاسین نے کہا ہے کہ آزادکشمیر کے عوام نے جعلی تبدیلی کو مسترد کردیا ہے۔ کوٹلی کے غیور عوام کشمیریوں کے خلاف غلیظ زبان استعمال کرنے والے گنڈا پور کو دورہ کے دوران کرارا جواب دینگے۔ کشمیرکے سوداگروں کو 25جولائی کے دن ووٹ کی پرچی سے تاریخ ساز شکست کاسامنا کرنا پڑے گا۔ پیپلزپارٹی عوامی طاقت سے شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے کوٹلی سٹی اور چڑہوئی میں مختلف عوامی اجتماعات،کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس دوران مسلم لیگ ن،پی ٹی آئی، مسلم کانفرنس سے تعلق رکھنے والے متعدد خاندانوں نے پی پی پی میں شمولیت اختیار کی اور چودھری محمد یاسین کے قافلے میں شامل ہوئے۔ اس موقع پر چودھری محمد یاسین نے کہاکہ کشمیر کے خلاف سازشیں ہو رہی ہیں۔

کشمیری عوام کی ذمہ داری ہے کہ وہ ووٹ کی پرچی سے سازشیوں کو مسترد کریں۔ کشمیر کا مقدمہ پی پی پی سے بہتر کوئی نہیں لڑسکتا۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کے خلاف نازیبا زبان استعمال کرنے والے گنڈا پور کو عوام نے پروگراموں میں شرکت نہ کر کے مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بہت جلد خطہ میں عوامی دور آنے والا ہے۔

آزادکشمیر کے نااہل حکمرانوں کی وجہ سے عوام مسائل کاشکار ہیں۔ فاروق حیدر نے پڑھے لکھے نوجوانوں کے ساتھ ریاستی تاریخ کی بڑی ناانصافی کی ہے۔ میرٹ اور قانون کا ڈھنڈورا پیٹنے والوں نے اپنے مخصوص لوگوں کو نوازنے کے لئے حکومت کے آخری دنوں میں فاروق کمیشن لایا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کے دور حکومت میں کیے گئے تعمیرو ترقی کے ریکارڈ کام اور قومی منصوبے تاریخ کاحصہ ہیں۔
ن لیگ ہمارے منصوبوں پر سیاست کررہی ہے۔

چوہدری محمدیاسین نے کہا کہ25جولائی کو پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ن کو شکست فاش ہوگی۔انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی کی عوامی حکومت بنا کر تحریک آزادی کشمیر سمیت خطہ میں تعمیروترقی اور خوشحالی کا شاندار دور دوبارہ شروع کرینگے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں