ہجیرہ:‌ ‘نشے کی حالت میں’ باپ کے ہاتھوں بیٹے کا قتل

آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ کی تحصیل ہجیرہ میں مبینہ طور پر نشے کی حالت میں باپ نے اپنے نو سالہ بیٹے  کو قتل کر دیا تھا۔ پولیس کے بقول ملزم نے نو سالہ ارباز کے سرآہنی راڈ مارنے کے بعداسے پانی میں پھینک دیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

پولیس تھانہ ہجیرہ کے ایس ایچ او امجد ساقی نے کشمیر لنک کو بتایا کہ واردات کے فوراً بعد پولیس نے موقع پر پہنچ گئی اور لاش اپنی تحویل لے کر اسے تحصیل  ہیڈ کوارٹر ہسپتال  منتقل کیا۔ ان کے بقول، ‘پوسٹ مارٹم کے بعد پولیس نے لاش ورثاء کے حوالے کر دی ہے تاکہ وہ اس کی تدفین کر سکیں۔’

‘ملزم پولیس کی حراست میں ہے اور اس سے تفتیش جاری ہے۔’

ملزم کے خاندانی ذرائع کے مطابق وہ نشے کا عادی ہے اور اس کی اسی عادت کی وجہ سے اس کی بیوی سے علیحدگی ہو چکی ہے۔ ‘بیٹے پر حملے کے وقت بھی وہ نشے کی حالت میں تھا۔’

قتل کی اس واردات کے بعد ہجیرہ اور گردنواح میں خوف و ہراس پھیل گیا اور شہریوں نے اس واقع کی بھرپور مذمت کی۔

یاد رہے کہ پونچھ کی تحصیل ہجیرہ میں یہ تین ماہ میں قتل کی دوسری واردات ہے۔ اس سے قبل رمضان کے مہینے  میں میٹرک کی طالبہ کو اسی کی بھابی نے قتل کر دیا تھا۔

انسانی حقوق کی تنظیموں نے  قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ  ایسے واقعات کو روکنے کے لیے قانون کے نفاذ کو یقینی بنائیں تاکہ پچوں کے خلاف تشدد کے واقعات میں کمی لائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں