صدر پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر و ممبر قانون ساز اسمبلی چوہدری محمدیاسین نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت عوام کو ‘ریلیف نہیں تکلیف’ دے رہی ہے۔ یہ بات کوٹلی جیل میں قید پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری محمدیاسین کے میڈیا سیل کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں بتائی گئی ہے۔ پریس ریلیز میں کہاگیا ہے کہ ملک چلانے کے لیے دیگروسائل پیدا کرنے کے بجائے موجودہ حکمرانوں نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی نرخوں میں اضافہ کے سوا کچھ نہیں کیا۔
پریس ریلیز کے مطابق چودھری یاسسین کا کہنا تھا کہ ریلیف کا نام لے کر ایک دن میں ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ کر کے عوام کی چیخیں نکلوا دی ہیں۔ 120ارب کے ریلیف پیکج کا صرف اعلان کیا گیا ہے اور پیٹرولیم مصنوعات میں جو اضافہ کیاگیا ہے اس سے عوام سے روازنہ کی بنیاد پر 120ارب روپے بٹورے جائیں گے۔آئی ایم ایف کے احکامات پر عملدرآمد کر کے پیٹرول کی قیمت185سے 200روپے تک لے جانا حکومت کا منصوبہ ہے۔
پریس ریلیز میں یہ بھی کہا گیا کہ عمران خان کے دو سو ماہرین معاشیات زیر زمین چلے گئے ہیں معلوم نہیں یہ حکمران کس ایجنڈے پر کام کررہے ہیں جس کے مطابق ریاست ترقی کے بجائے مزید معاشی عدم استحکام کاشکار ہورہی ہے اور آزادکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت ان 500ارب کے پیکج پر ناچ رہی ہے جس کا ابھی تک کوئی وجود ہی نظر نہیں آرہا ہے یہ بھی اسی فارمولے پر عمل کررہے ہیں کہ جھوٹ اتنا بولو کہ سچ کا گمان ہولیکن اب یہ فارمولہ ناکام ہوچکا ہے کیونکہ عوام جان چکے ہیں کہ ان کے پاس کوئی پلان نہیں سوائے چرب زبانی اور جھوٹ کے اب عوام ان کومزید برداشت نہیں کرسکتی۔